کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا کہ ہمارے فاسٹ باؤلرز کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے،مجھے ڈر ہے کہیں نظر ہی نہ لگ جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ پر سب کی نظریں ہوتی ہیں، باقی میچز سے پاک بھارت میچ کا تھوڑا فرق ہوتا ہے، سب کھلاڑی انجوائے کرتے ہیں، اس میچ میں سٹار بننے کا موقع ہوتا ہے، آپ اچھا کریں یا جتوا دیا تو یہ سب کو یاد رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اچھا ہے کہ ہم بھارت سے ایک دو میچز یہاں کھیل لیں، ہمیں بھارت کی بولنگ کا اندازہ ہو جائے گا اور کمزوریوں اور ان کے مضبوط پوائنٹس کا پتہ چل جائے گا۔
امام الحق نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پہلے میچ سے متعلق کہا کہ کینڈی میں ہم نے ایک اچھے ٹوٹل میں انڈیا کو محدود کر لیا تھا، کھلاڑی ہمارے فارم میں تھے، ہم ٹوٹل حاصل کرنے کی امید کر رہے تھے۔
کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں بابر اعظم سے میری کیمسٹری ملتی ہے، ان کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ رہی ہیں، بیٹنگ کے دوران ہم دونوں آپس میں گفتگو کرتے ہیں ایک دوسرے کو سمجھاتے ہیں۔
قومی بیٹر نے کہا کہ ہمارے فاسٹ باؤلر کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے مجھے ڈر ہے کہیں نظر ہی نہ لگ جائے، میں باؤلرز کو کہتا رہتا ہوں کہ اگلے دو ماہ ایسے ہی کرتے رہو ہم سب کی زندگی تبدیل ہو سکتی ہے، ہمارے فاسٹ باؤلرز ایسے ہیں جن کے خلاف تمام ٹیمیں پلان بنا کر آتی ہیں۔
امام نے کہا کہ ہم اکثر سوچتے ہیں کہ انہیں ہمیں نیٹ پر کھیلنا پڑتا ہے میچ میں نہیں، ہمیں اپنے فاسٹ باؤلرز کی وجہ سے حوصلہ ملتا ہے اور ہم پازیٹو رہتے ہیں۔