کولمبو: (دنیا نیوز) بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 10 ہزار رنز مکمل کر لیے۔
روہت شرما نے یہ کارنامہ منگل کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں سر انجام دیا، بھارتی کپتان ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے 15 ویں جبکہ چھٹے بھارتی بیٹر ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما اننگز کے اعتبار سے ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے دوسرے تیز ترین بیٹر ہیں، اس فہرست میں پہلا نمبر ویرات کوہلی کا ہے۔
روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کی 241 ویں اننگز میں 10 ہزار رنز مکمل کیے، کوہلی نے یہ کارنامہ 205 اننگز میں سر انجام دیا تھا۔
روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کر کے سابق بھارتی لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑیا، بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹنڈولکر سے کم ون ڈے اننگز میں 10 ہزار رنز مکمل کیے، سچن نے یہ سنگ میل 259 اننگز میں عبور کیا تھا۔