ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے بھارت سے شکست کو سبق قرار دے دیا

Published On 12 September,2023 12:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے بھارت سے بڑے مارجن سے شکست کو سبق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شکست پر دفاع کا کوئی بہانہ نہیں بنائیں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈبرن کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران جو مواقع ہم نے کھوئے مستقبل میں ان پر نظرثانی کریں گے لیکن ذاتی طور پر میرا خیال ہے کہ جو کچھ پچھلے دو دن میں ہمارے ساتھ ہوا وہ ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تحفے کیلئے شکرگزار ہیں کیونکہ ورلڈکپ سے قبل اس سٹیج پر بھارت کے ساتھ کھیلنا ہمارے لئے اچھا موقع ہے، ہمیں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ بھارت کے نمبر ون کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ 3 ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارا، بھارت سے شکست ہمارے لئے یاد دہانی اور سبق ہے کہ ہم جب بھی گراؤنڈ میں ہوں تب خود کو مکمل اور بھرپور تیار رکھیں اور اپنی طرف سے بہترین دیں ۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بنا سکی۔