پاک بھارت میچ بارش سے متاثر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مدد کی پیشکش کر دی

Published On 10 September,2023 07:11 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایشیا کپ انتظامیہ کو پاک بھارت میچ میں ہونے والی بارش کا پانی خشک کرنے کیلئے مدد کی پیشکش کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹزر کی انتظامیہ نے 2018ء کے ایک پی ایس ایل میچ میں ہونے والی بارش کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

پی ایس ایل فرنچائز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے گراؤنڈ کو خشک کیا جا رہا ہے۔

اپنے پیغام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لکھا کہ یہ دیکھیں ہم نے پاکستان میں پچ کو کیسے خشک کیا تھا، اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل ٹیم نے مزید لکھا کہ ہماری مدد کی ضرورت ہے کیا؟۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا اہم میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے۔

Advertisement