کولمبو: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے سپنرز نے بھارت کے خلاف میچ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
منگل کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بظاہر درست ثابت نہیں ہوا۔
بھارتی بیٹرز سری لنکن سپنرز کے جال میں پھنس گئے، پوری بھارتی ٹیم 50 ویں اوور میں 213 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، اہم بات یہ ہے کہ تمام 10 وکٹیں سری لنکن سپنرز کے نام رہیں۔
سری لنکا کی جانب سے نوجوان سپنر دونتھ ولالاج نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سپنر اسا لنکا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش ٹھکشنا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم کے سپنرز نے مخالف ٹیم کی تمام وکٹیں اڑائی ہوں، اس کے علاوہ یہ بھی پہلا موقع ہے کہ پوری بھارتی ٹیم ون ڈے میچ میں سپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئی ہو۔