ورلڈ کپ: پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 62 رنز سے شکست

Published On 20 October,2023 01:02 pm

بنگلورو: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دیدی۔

بنگلورو کے چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔

368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 45.3 اوورز میں 305 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4، مارکس سٹونس اور پیٹ کمنز نے 2،2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، اوپپنگ بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم عبداللہ شفیق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 64 رنز جبکہ امام الحق 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 175 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان بابر اعظم 18 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 30، محمد رضوان 46، افتخار احمد 26 جبکہ اسامہ میر بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 287 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد نواز 14 رنز بنا کر زمپا کی گیند کا شکار بنے، شاہین شاہ آفریدی 10 اور حسن علی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا، اوپننگ بیٹسمینوں نے آسٹریلیا کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور 259 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد مچل مارش 121 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تاہم اگلی ہی گیند پر میکسویل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 284 کے مجموعی سکور پر گری جب اسٹیو سمتھ7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 325 کے مجموعی سکور پر حارث رؤف کی گیند پر ڈیوڈ وارنر9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 163 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 339 کے مجموعی سکور پر گری جب جوش انگلس 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارکس سٹونس 21، مارنس لبوشین 8، مچل سٹارک 2، جوش ہیزل ووڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 ، حارث رؤف نے 3 جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔