نیوزی لینڈ کو شکست، بھارت چوتھی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

Published On 15 November,2023 10:01 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت، نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا۔

بھارت کے شہر ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔

398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، ڈیرل مچل نے 134 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

کیویز اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور ڈیون کونوے اور راچن رویندرا 13، 13 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان کین ولیمسن 69، گلین فلپس 41، مارک چیمپین 2 اور ٹام لیتھیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 7، جسپریت بمرا ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بھارتی اوپنر کپتان روہت شرما ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کر کے 29 گیندوں پر 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی 50ویں سنچری سکور کی، کوہلی 113 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 177 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بھارتی بلے باز شریاس ایر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شبمن گل 80 اور کے ایل راہوال 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل پانچ مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعرات کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔