فاتح ایشیا کپ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کی استقبالیہ تقریب، انعامی رقم تقسیم

Published On 13 December,2023 04:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے نیپال میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی فاتح پاکستان وہیل چیئر ٹیم کو 36 لاکھ روپے کا نقد انعام دے دیا۔

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ میں لگاتار دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جس پر کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پی سی بی کھیل کے ایک اہم حصے کے طور پر اس کامیابی کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ ان تمام صلاحیتوں کے حامل افراد کو سپورٹ بھی کرتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے چیئر پرسن پاکستان وہیل چیئر کرکٹ رخسانہ راجپوت، منیجر زوار نور، اسسٹنٹ منیجر جاوید بابر اور کپتان محمد ذیشان سمیت فاتح سکواڈ کو سراہا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ تمام کھلاڑیوں اور وہیل چیئر کرکٹ مینجمنٹ پر فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا، آپ تمام لوگ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کو زیادہ گراؤنڈز اور ٹریننگ کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ وہ پی سی بی کی طرف سے وہیل چیئر ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، آپ پاکستان کے سفیر ہیں اور ہمیں اس بات پر بہت زیادہ خوشی ہے کہ آپ نے اپنی حوصلہ مندی اور مہارت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ایشیا کپ کے ٹائٹل کو لگاتار دو مرتبہ جیتے ہیں۔