لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے بتایا کہ 17 رکنی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی، عامر جمال، عباس آفریدی، ابرار احمد، اعظم خان، بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 19, 2023
وہاب ریاض نے بتایا کہ شاداب ہمارے بہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن بدقسمتی سے انجری کی وجہ سے وہ سکواڈ میں شامل نہیں ہیں جبکہ محمد حارث کو آرام دیا گیا ہے تاہم شاداب 2 ہفتے بعد باؤلنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ حسنین اور نسیم نے ریکور کیا ہے، نسیم کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کررہے ہیں، ہم پی ایس ایل تک ان پر زیادہ لوڈ نہیں ڈال رہے وہ پی ایس ایل میں دستیاب ہوں گے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ شان مسعود کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ممکن ہے وہ آگے کی سیریز میں نظر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پول آف پلیئرز بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیم کی بہتری کے لیے 3 وکٹ کیپرز کا فیصلہ کیا ہے، بیک اپ تیار کیا جا رہا ہے، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ میں کوئی مشکل نہ ہو۔
علاوہ ازیں کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کامران اکمل نے کہا کہ ہم ایک پیج پر ہیں، ہمیں بیک اپ تیار کرنا ہے، وائٹ بال فارمیٹ میں تجربے کیے جا سکتے ہیں۔
عمر اکمل نہ پہلے میری وجہ سے آیا نہ اب آئے گا: کامران اکمل
کامران اکمل نے کہا کہ ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو اہمیت دینی ہے، عمر اکمل اپنی پرفارمنس سے واپس آئے گا، وہ نہ پہلے میری وجہ سے آیا نہ اب آئے گا۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ سلیکشن کمیٹی ضرورت محسوس کرے گی تو ضرور منتخب کرے گی۔