پی سی بی کا پہلی بار ویمنز امپائر، کوچنگ کورس کرانے کا فیصلہ

Published On 19 December,2023 09:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی بار ویمنز امپائر اور کوچنگ کورس کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو آئندہ برس جنوری اور فروری میں لاہور میں ہوگا۔

پی سی بی کے امپائرنگ اور کوچنگ کے چار روزہ کورس میں سابق کرکٹرز کو ترجیح دی جائے گی۔

کورس میں کامیاب ہونے والی خواتین کو آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں خواتین پینل آف امپائرز میں شامل کیا جائے گا، خواتین امپائرز ریجن، ضلع اور کلب سطح کے میچز کی ذمہ داری ادا کریں گی۔

چار روزہ کورس کے ابتدائی 3 روز خواتین امپائرز کو قوانین، قواعد و ضوابط اور کھیل کے قواعد کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کی جائے گی۔

کورس کے آخری روز تحریری ٹیسٹ، فٹنس ٹیسٹ اور انٹرویو لیے جائیں گے، خواہشمند خواتین 31 دسمبر تک اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکتی ہیں۔