کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا میچ ٹائی ہو گیا تھا جس کے بعد سپر اوور میں پاکستان نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
سپر اوور میں پاکستان ویمن نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز سکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم سعدیہ اقبال کے اوور میں 8 رنز بنا سکی۔
یہ محض دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ویمن نے نیوزی لینڈ ویمن کو ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی ہے۔
اس سے قبل اس کی واحد کامیابی نومبر 2017 میں شارجہ میں تھی جہاں اس نے ثناء میر کی 4 وکٹوں اور بسمہ معروف کے ناقابل شکست 36 رنز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
آج کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ امیلیا کیر نے 77 اور سوفی ڈیوائن نے 29 رنز بنائے، پاکستان کی طرف سے نشرح سندھو اور غلام فاطمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن کی جانب سے بسمہ معروف نے 68، عالیہ ریاض نے 44 اور فاطمہ ثناء نے 36 رنز سکور کیے جبکہ نجیہہ علوی 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ویمن نے 3 میچز کی سیریز 2 ایک سے اپنے نام کر لی، سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے 131 رنز اور دوسرا 1 وکٹ سے جیتا تھا۔