ذکا اشرف کی نیوزی لینڈ میں تاریخی جیت پر پاکستان ویمنز ٹیم کو مبارکباد

Published On 18 December,2023 06:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے نیوزی لینڈ میں تاریخی جیت پر پاکستان ویمنز ٹیم کو مبارکباد دی۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ پوری ٹیم، مینجمنٹ اور معاون عملہ کو نیوزی لینڈ کا دورہ شاندار کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ، آج کی ون ڈے جیت کھلاڑیوں کی مہارت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ امید ہے ٹیم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے گی اور مستقبل میں بھی ایسے ہی نتائج لائے گی، دورہ نیوزی لینڈ سے واپسی پر پاکستان ویمن ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے ہوم سائیڈ کو سپر اوور میں شکست دی، پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 2 پر ہے۔