انجری کے شکار شاداب خان کو دورہ نیوزی لینڈ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان

Published On 19 December,2023 06:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) انجری کے شکار قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو دورہ نیوزی لینڈ سے باہر کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق شاداب خان پاؤں کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی انجری بہتر ہونے میں مزید چار ہفتے درکار ہوں گے، آل راؤنڈر کا 3 دسمبر کو کراچی میں نیشنل ٹی 20 میچ میں فیلڈنگ کے دوران پاؤں مڑ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے اور انہیں پیٹھ پر بٹھا کر گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات پر ناراض بھی ہوا کہ زخمی کھلاڑی کو سٹریچر کے بجائے ساتھی کرکٹر کندھے پر کیوں لے کر گئے؟ جبکہ تمام میڈیکل سہولتیں موجود تھیں۔

پی سی بی راولپنڈی کی ٹیم مینجمنٹ سے ناخوش بھی ہوئی کہ جب سٹیڈیم میں تمام سہولتیں موجود تھیں تو ایسا کیوں کیا گیا، واقعہ کے بعد شاداب خان جو ٹی 20 میں راولپنڈی کے کپتان تھے، ان کی عدم موجودگی میں قیادت آل راؤنڈر محمد نواز نے کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم جنوری 2024 میں نیوزی لینڈ میں 5 ٹی 20 میچ کھیلے گی اور پہلا میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔