پی ایس ایل رائٹس پچھلے سال کی نسبت 3 ارب سے زائد میں فروخت ہوئے، ذکا اشرف

Published On 10 January,2024 07:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ پی ایس ایل رائٹس پچھلے سال کی نسبت 3 ارب سے زائد میں فروخت ہوئے۔

چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چودھری ذکاء اشرف، سی او او سلمان نصیر اور کمشنر پی ایس ایل نائلہ بھٹی نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ آج ہم دو چیزوں پر بات کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ ہوئی اور ان کو بتایا کہ ہم کیسے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے دورہ آسٹریلیا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا اچھا رہا، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ خوشگوار مذاکرات بھی ہوئے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا مل کر آگے بڑھیں گے۔

کمشنر پی ایس ایل نائلہ بھٹی نے کہا کہ کل پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز کیلئے اچھا دن تھا، پاکستان کی معاشی صورتحال کے باعث ہم ڈرے ہوئے تھے، پی ایس ایل کی بڈ میں 4 سپورٹس چینلز نے حصہ لیا، پی ایس ایل بطور برانڈ بہت بڑا نام ہے۔

سی او اوسلمان نصیر نے کہا کہ لیگز زیادہ ہونے سے کرکٹ کیلنڈرز میں ٹکراؤ آگیا ہے، شیڈول بناتے وقت پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا تعاون کریں گے، سی او او سلمان نصیر نے کہا کہ ویمن ٹیم، شاہینز اور یوتھ ٹیم کے دوروں سے کرکٹ بہتر ہو گی۔