ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سلطانز کے پلیئرز نے تھانہ صدر ملتان کا دورہ کیا، تھانہ کلچر کی تبدیلی اور خوشگوار ماحول دیکھر حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
سی پی او ملتان صادق علی نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا، تھانہ صدر کادورہ کرنے والے کھلاڑیوں اور سٹاف میں محمد وسیم کوچ ملتان سلطانز، قومی فاسٹ بولر احسان اللہ، اسامہ میر اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
کھلاڑیوں اور سٹاف نے تھانہ کا وزٹ کیا اور فرنٹ ڈیسک سمیت دیگر دفاتر کا وزٹ کیا، سی پی او ملتان صادق علی نے پولیس اسٹیشنز میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بتایا۔
سی پی او نے بتایا کہ پنجاب کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشی ایٹو پولیس سٹیشنز میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، کھلاڑیوں نے تھانہ کا ماحول دیکھ کر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی بہت اچھا اقدام ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن ملتان رانا محمد اشرف، سی ٹی او ملتان جلیل عمران غلیزئی، ایس پی کینٹ ڈویژن رانا ارسلان زاہد، ایس پی گلگشت ڈویژن ایاز حسین، ایس پی سٹی ڈویژن حسن رضا کھاکھی اور اے ایس پی کینٹ طیب وزیر بھی موجود تھے۔