لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ 2 بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتے ہیں، امید ہے جیت کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاداب خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنا اچھا لگتا ہے، امید تھی اس بار بھی فائنل لاہور میں ہوگا لیکن کراچی میں ہو رہا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان نے مزید کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کا این او سی کا ایشو ہے، راجا پکسا کو بھی این او سی نہیں ملا، نسیم شاہ کےلیے اچھی بات ہے کہ وہ فارم میں واپس آرہے ہیں، پر امید ہوں کہ فاسٹ بولر اچھا پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپس آئیں گے۔
شاہین آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، نیوزی لینڈ میں ہم اچھا کھیلے لیکن رزلٹ اچھا نہیں آیا، بیٹنگ اور بولنگ کا اچھا ہونا کافی نہیں، فیلڈنگ کو بھی بہتر کرنا ہوتا ہے۔
اس موقع پر شاداب خان نے کہا کہ آج کل کی گیم میں زیادہ آل راؤنڈر کا رول ہوتا ہے، پرفارمنس نہیں ہوگی تو تنقید برداشت کرنی پڑتی ہے، اچھے مائنڈ سیٹ کے ساتھ پی ایس ایل میں آیا ہوں۔
کوشش ہوگی اس سیزن اچھا پرفارم کروں، پچھلے دو سال جو ہماری بیسٹ الیون بھی وہ انجری کی وجہ سے نہیں کھیل سکی، ورلڈکپ سے پہلے پرفارمنس اچھی جارہی تھی، اس کے بعد پرفارمنس خراب ہوئی لیکن ماضی کو بھول کر اچھا کھیلوں گا۔