پلیئرز کو مضبوط بنانے کیلئے ناکامیوں پر بھی سپورٹ کرنا پڑتا ہے: شاداب خان

Published On 13 March,2024 08:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ پلیئرز کو بنانے کے لیے اس کی ناکامیوں پر بھی سپورٹ ضروری ہوتی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ کچھ غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے ٹاپ ٹو میں فنش نہیں کر پائے، آخری میچز میں ٹیم نے مومینٹم پکڑ لیا جو ہمارے لیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور بولر اپنے کھیل میں بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں، میری بولنگ میں کچھ تکنیکی مسائل تھے جس کی نشاندہی ہوگئی ہے، بولنگ میں جہاں جہاں خامی ہے اسے بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

نوجوان بلے باز اعظم خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ اعظم جیسے پلیئرز کو بہت زیادہ پیار اور سپورٹ چاہیے ہوتا ہے، اعظم خان میچ ونر ہے، اسلام آباد کےلیے اہم پلیئر ہے۔

کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ بھی کہا کہ اعظم خان جس نمبر پر بیٹنگ کرتا ہے وہاں تسلسل رکھنا مشکل ہے، نئے آنے والے پلیئرز کو سپورٹ کریں، تسلسل کے ساتھ سپورٹ دیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ ایک دو میچ کی خراب پرفارمنس پر بھولنا نہیں چاہیے، پلیئرز کو بنانے کے لیے اس کی ناکامیوں پر بھی سپورٹ ضروری ہوتی ہے۔ 

Advertisement