لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک کے بعد ایک ڈائریکٹرز کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ میں استعفے دیئے نہیں جا رہے بلکہ استعفے لیے جا رہے ہیں، نہ کوئی تنگ آ کر چھوڑ رہا ہے نہ کسی سے کوئی اختلاف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی بورڈ کو اس وقت غیر سیاسی بنانا اولین ترجیح ہے۔ اس لیے اب پی سی بی میں تعلقات، گروپنگ یا سفارشات پر کوئی عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا، بورڈ پر رائٹ مین فار دی رائٹ جاب کے فارمولے پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین محسن نقوی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد 6 اعلیٰ عہدیداروں کے استعفے سامنے آ چکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید استعفے سامنے آنے کا امکان ہے۔