سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا ساتھی کھلاڑی کے علاج کیلئے پنشن دینےکا اعلان

Published On 13 July,2024 04:47 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے سابق کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کے علاج کے لیے اپنی پنشن دینےکا اعلان کیا ہے۔

بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کی مالی مدد کرے جو اس وقت بلڈ کیسنر کا شکار ہیں اور لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کپل دیو نے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے باقی کھلاڑی جن میں سنیل گواسکر، سندیپ پٹیل، مدن لال، روی شاستری، کیرتی آزاد اور دیگر کھلاڑی بھی گائیکواڈ کے علاج کے لیے امداد جمع کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی اس معاملے کو دیکھے گا اور گائیکواڈ کے علاج کے لیے مالی امداد کرے گا۔

سابق بھارتی کپتان کپل دیو کا مزید کہنا تھا خوشی ہے کہ آج کے کھلاڑی اچھے پیسے کما رہے ہیں، ہمارے وقت میں بورڈ کے پاس اتنا پیسہ نہیں تھا، آج انہیں سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا چاہیے مگر بدقسمتی سے ہمارے پاس کوئی سسٹم نہیں، لوگ پیسے کہاں بھیجیں؟ ایک ٹرسٹ ہونا چاہیے تاکہ لوگ وہاں اپنی رقم دیں اور میرے خیال سے بی سی سی آئی یہ کام کرسکتی ہے۔