ٹی 20 رینکنگ: نمبر ون آل راؤنڈر کا تاج لیونگسٹون کے سر سج گیا

Published On 19 September,2024 10:42 am

دبئی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 رینکنگ میں نمبر ون آل راؤنڈر کا تاج انگلینڈ کے لیام لیونگسٹون کے سر سج گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر لیام لیونگسٹون آسٹریلیا کے خلاف زبردست کارکردگی کے بعد سات درجے چھلانگ لگا کر آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بیٹنگ رینکنگ میں بھی وہ 17 درجے چھلانگ لگا کر 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آل راؤنڈرز میں آسٹریلیا کے مارکس سٹوئنس نمبر ون سے دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا اور بنگلا دیش کے شکیب الحسن ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلے گئے، ٹاپ ٹین آل راونڈرز میں پاکستان کے عماد وسیم بھی شامل ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، بھارت کے سوریا کمار یودو دوسری اور انگلینڈ کے فل سالٹ تیسری پوزیشن پر ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں جوش انگلس 13 درجے کی ترقی پاکر ٹاپ ٹین میں پہنچ گئے ہیں، بابراعظم پانچویں اور محمد رضوان چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔