دبئی: (ویب ڈیسک) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں سمارٹ ری پلے سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز متحدہ عرب امارات میں آج سے ہوگا، ویمنز ورلڈ کپ سمارٹ ری پلے سسٹم کے ساتھ ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہو گا، یہ ٹیکنالوجی اس سے قبل لیگ ٹورنامنٹ دی ہنڈریڈ اور آئی پی ایل 2024 میں استعمال کی جا چکی ہے۔
سمارٹ ری پلے سسٹم کے تحت ہر میچ میں 28 کیمروں کی مدد سے ٹی وی امپائر کو زیادہ بہتر فوٹیج فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بہتر فیصلہ کرسکے، سٹمپنگ کے لیے نیا سسٹم ٹی وی امپائر کو ایک ہی فریم میں تین زاویوں یعنی سائیڈ آن کیمروں کے ساتھ ساتھ فرنٹ آن سے فوٹیج بھی دکھائے گا۔
اس سے قبل اس مقصد کیلئے سٹمپ کیم استعمال کیا جاتا تھا جو تقریباً 50 فریم فی سیکنڈ کی کم رفتار سے کارروائی کو ریکارڈ کرتا تھا، اس کے مقابلے میں ہاک آئی کیمرے تقریباً 300 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے ریکارڈ کرتے ہیں، یعنی اب امپائرز کو فیصلہ کرنے کیلئے زیادہ درست فوٹیج دستیاب ہوں گی۔