سری لنکا سے وائٹ واش شکست: ٹم ساؤتھی ٹیسٹ کپتانی سے مستعفی

Published On 03 October,2024 10:18 am

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق ٹم ساوتھی کی جگہ اب وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم بھارت کے خلاف 16 اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، اپنے پورے کیریئر میں ہمیشہ ٹیم کو فوقیت دی اور مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کے لیے بہترین ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کپتان ہونے سے ان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے اسی لیے وہ میدان میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کر کے ٹیم کیلئے وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹم ساوتھی کو 2022 میں کین ولیمسن کی جگہ ٹیسٹ کپتان بنایا گیا تھا، ان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ نے 14 ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا جس میں سے 6 میں فتح اور 6 میں شکست ہوئی جبکہ دو ڈرا ہوئے۔