چیئرمین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی معاملات ادھورے چھوڑ کر آسٹریلیا پہنچ گئے

Published On 11 December,2024 09:13 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) تعطل کا شکار چیمپئنز ٹرافی کے معاملات کو ادھورا چھوڑ کر چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) جے شاہ آسٹریلیا پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیئرمین آئی سی سی جے شاہ برسبین گئے ہیں، ان کے ہمراہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے عبوری سیکریٹری دیو جیت سائیکیا بھی موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جے شاہ ممکنہ طور پر اولمپکس کی میٹنگ میں شرکت کریں گے جبکہ وہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ بھی دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات بیچ میں چھوڑ کر جے شاہ کے دورہ آسٹریلیا نے کئی سوالات کو جنم دے دیا، کرکٹ آسٹریلیا کو آئی سی سی کے معاملات میں بی سی سی آئی کا حامی سمجھاجا رہا ہے۔