لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر ویرات کو ہلی کی انجری کے باعث رنجی ٹرافی کے ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ویرات کوہلی کو گردن میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے ان کی رنجی ٹرافی کے ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ کوہلی کو یہ انجری ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب 23 جنوری کو رنجی ٹرافی شروع ہونے والی ہے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں بھی ایک ماہ رہ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوہلی نے 23 جنوری کو رنجی ٹرافی میں سوراشٹرا کے خلاف دہلی ٹیم کی نمائندگی کرنی ہے تاہم ایونٹ میں ان کی دستیابی کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ رنجی ٹرافی بھارت میں کھیلی جانے والی ایک پریمیئر ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ چیمپئن شپ ہے جو ہر سال بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے منعقد کی جاتی ہے، رنجی ٹرافی میں علاقائی اور ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کرنے والی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔