کچھ ناممکن نہیں، دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے: ساجد خان

Published On 27 January,2025 03:58 am

ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

ساجد خان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعود شکیل پہلے بھی اچھا کھیلا ہے، ابھی پچ پر موجود ہے، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بیٹنگ کیلئے ابھی آنا ہے، امید ہے کہ پچ پر موجود اور آنے والے بلے باز اچھی اننگز کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ مشکل ہے یہاں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے لیکن نئے بال سے اس وکٹ پر بہت کچھ ہے، بیس پچیس اوورز کے بعد بال تھوڑا پرانا ہوجاتا ہے اور آسان ہو جاتا ہے، بال پرانا ہونے سے اتنا زیادہ ٹرن نہیں ہوتا، اب ماڈرن کرکٹ ہے ایسا بالکل نہیں ہے کہ ٹیل اینڈر کو بیٹنگ نہیں آتی۔

مایہ ناز سپنر نے کہا کہ اب وہ دور نہیں ہے کہ چھ سات آؤٹ کر لیے تو نیچے والوں کو بیٹنگ نہیں آتی، ابھی ناممکن نہیں ہے ہم اس میچ کو جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، بابر اعظم کے آؤٹ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ساجد خان نے کہا کہ کوئی جان بوجھ کر آؤٹ نہیں ہوتا، بدقسمتی سے بابر اعظم آوٹ ہو گئے، بابر اعظم ایک بہترین ورلڈ کلاس پلیئر ہے۔

ساجد خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا رزلٹ نہیں آرہا تھا، لوگ دیکھنے نہیں آتے تھے، اب ان پچز سے رزلٹ آرہا ہے، ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیں، جیت ہار کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔