ملتان: گیس سے بھرا ٹینکر آگ لگنے سے پھٹ گیا، 6 افراد جاں بحق، 30 زخمی

Published On 27 January,2025 06:07 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گیس سے بھرے ٹینکر کو آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر کے مطابق واقعہ فہد ٹاؤن میں پیش آیا، گیس سے بھرا ٹینکر آگ لگنے سے پھٹ گیا، آگ بجھانے کیلئے ریسکیو کی 16 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، مظفر گڑھ اور خانیوال سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کئے گئے۔

زور دار دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں جس کے باعث شہری شدید خوف میں مبتلا ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے دھماکہ ہوا، آگ والے ٹکڑے مقامی آبادی کے گھروں پر جا کر گرے جس سے گھروں کی چھتیں متاثر ہوئیں۔

کمشنر ملتان کے مطابق فہد ٹاؤن میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی۔

ملتان میں سلنڈر دھماکوں کا مقدمہ تھانہ مظفر آباد میں درج کر لیا گیا، کمشنر کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں گیس ٹینکر پھٹنے سے شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم نے گیس ٹینکر پھٹنے کی وجوہات جاننے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی ہدایت کی ہے۔