لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیزمقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 15 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے جبکہ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کراچی کنگز کو جیت کے لیے 168رنز کا ہدف دیا گیا۔
لاہور قلندرز کی اننگز کے دوران 7.5 اوورز کا میچ مکمل ہونے پر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا تھا۔
بارش کے باعث میچ کو 15 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا، بارش سے پہلے لاہور قلندرز نے 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر بلے باز محمد نعیم نے 29 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 51 رنز بنائے، عبداللہ شفیق 18، سکندر رضا 8، سیم بلنگز اور آصف علی 2، 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتے کھولے چلتے بنے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 جبکہ میر حمزہ، حسن علی اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ڈیوڈ وارنر 13 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 24 اور سیفرٹ 10 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کنگز کے سعد بیگ نے صرف 15 گیندوں کا سامنا کیا، 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ کی اننگز 9 رنز تک محدود رہی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں محمد نبی 8 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم عرفان خان نیازی نے شان دار بیٹنگ کی اور آؤٹ ہوئے بغیر 21 گیندوں پر دو چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز نے 168 رنز کا ہدف 15 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کیا جبکہ 6 بیٹرز آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کو شکست دے کر کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کی اور 8 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ قلندرز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔
لاہور قلندرز کا سکواڈ:
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، رشاد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی
کراچی کنگز کا سکواڈ:
ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر) ، جیمز وینس، سعد بیگ، خوشدل شاہ، عرفان خان نیازی، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ