لیجنڈز لیگ: پاکستان چیمپئنز نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

Published On 29 July,2025 10:04 pm

لیسٹر: (دنیا نیوز) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان نے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔

لیسٹر میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کی خطرناک بولنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان چیمپئنز نے 74 رنز کا معمولی ہدف 8 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

کینگروز سعید اجمل کی گوگلی گیندوں کو سمجھنے میں مکمل ناکام رہے، دوسرا اور تیسرا کے مؤجد سعید اجمل نے اپنی گھومتی گیندوں پر صرف 16 رنز دے کر 6 کینگروز کا شکار کیا۔

آسٹریلیا چیمپئنز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز ہی بنا سکی، بین ڈنک 26 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کینگروز کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل ہونے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2 جبکہ سہیل خان اور سہیل تنویر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان 32 اور صہیب مقصود 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے مقابلے میں بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دی تھی جبکہ ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز سے شکست دی تھی۔