لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا انجری کے باعث ایشیا کپ 2025 سے باہر ہونے کا امکان ہے۔
کندھے کی انجری کا شکار آل راؤنڈر شاداب خان نے جولائی میں برطانیہ میں اپنے کندھے کا آپریشن کرایا تھا، اسی وجہ سے بنگلادیش کے خلاف سیریز میں وہ شرکت نہیں کرسکے اور اب دورہ ویسٹ انڈیز میں بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہو گا جبکہ شاداب خان کو سرجری کے بعد مکمل صحت یابی کے لیے کم از کم 3 ماہ درکار ہیں، اس طرح شاداب اکتوبر تک مکمل فٹ ہوں گے۔
پی سی بی نے قومی ٹیم کے نائب کپتان کی جگہ یا اس کے متبادل کے بارے میں تاحال کوئی اعلان نہیں کیا، ایشیا کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا جبکہ 14 ستمبر کو پاک بھارت مقابلہ شیڈول ہے۔