ڈارون: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے نوجوان بیٹر ڈیولڈ بریوس نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنے ملک کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی۔
جنوبی افریقا نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیولڈ بریوس کی برق رفتار سنچری کی بدولت میزبان آسٹریلیا کو 53 رنز سے ہرا دیا۔
جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں پر 218 رنز بنائے۔
افریقا کی جانب سے 22 سالہ نوجوان بیٹر بریوس نے صرف 41 گیندوں پر سنچری مکمل کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 125 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس برق رفتار اننگز کے ساتھ ہی بریوس نے نئی تاریخ رقم کی اور وہ جنوبی افریقا کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی سکور کرنے والے بیٹر بن گئے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ڈوپلیسی کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میں 119 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
22 سالہ بریوس نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین جنوبی افریقی بیٹر کا اعزاز بھی حاصل کیا، اس سے قبل ریچرڈ لیوی نے 24 سال کی عمر میں 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری سکور کی تھی۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقی بیٹر بریوس آسٹریلیا کے خلاف اس کی ہی سرزمین پر سنچری سکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے 219 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 165 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی اور یوں مہمان ٹیم نے میچ 53 رنز سے جیت کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، سیریز کا فیصلہ کن میچ ہفتے کو ہو گا۔