پاکستان نے افغانستان کو ہرا کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی

Published On 07 September,2025 07:36 pm

شارجہ: (ویب ڈیسک) سہ ملکی سیریز کے فائنل میں شاہینوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دیدی۔

142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 66 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اٹل 13 رنز بنائے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

پاکستانی بولر محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے فائنل میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا جو سود مند ثابت نہ ہوسکا اور اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن سکور کئے پویلین لوٹ گئے جبکہ صائم ایوب 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 51 کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 27 رنز بناکر چلتے بنے، حسن نواز 15 ، محمد حارث 2 ، سلمان علی آغا 24، محمد نواز 25 اور فہیم اشرف 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔