لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی جانب سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے پاکستان کے اس مؤقف کو بھی تسلیم نہیں کیا کہ میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کے دباؤ پر متنازع اقدام کیا، گراؤنڈ میں موجود ایشین کرکٹ کونسل کے رکن نے ہی پائی کرافٹ کو "ہینڈ شیک" نہ کرنے کے حوالے سے کہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پائی کرافٹ کو پورے ایشیا کپ سے ہٹانے کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے الگ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور ان میچز میں سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کرنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے حکومت سے مشاورت متوقع ہے، اس حوالے سے اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔
یاد رہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاک بھارت میچ کے دوران کپتان سلمان آغا کو ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔