دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارتی کپتان نے ایک بار پھر سپورٹس مین سپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا، وہ ٹاس کے بعد سیدھا گفتگو کرنے کی طرف بڑھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گروپ مرحلے کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا تھا، پھر بعد ازاں میچ کے اختتام پر بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بتا دیا تھا کہ کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لیا اور آئی سی سی سے رابطہ کرکے کہاکہ اگر اس معاملے کو حل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہو جائےگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس احتجاج پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معذرت کرلی تھی، تاہم آج ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہی ہیں۔