دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 میں شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد کی ٹی 20 کے ٹاپ 5 بولرز میں انٹری ہوگئی اور 12 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی ہے، آئی سی سی ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھارت کے ورن چکرورتی اور دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی ہیں جب کہ تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین براجمان ہیں۔
رینکنگ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کی بدولت 12 ویں نمبر سے چھلانگ لگاتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2 درجے بہتری کے بعد 25 ویں اور حارث رؤف 9 درجے ترقی کے بعد 28 ویں نمبر پر آگئے ہیں، اس کے علاوہ محمد نواز 13 درجے تنزلی کے بعد 46 اور صفیان مقیم 3 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے جب کہ بھارتی بولر ہارڈک پانڈیا فہرست میں 6 درجے بہتری کے بعد اب 60 ویں پوزیشن پر آئے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ انگلش بیٹر فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما نے ایک درجہ بہتری کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 31 درجے بہتری کے بعد 24 ویں پوزیشن حاصل کرلی جب کہ صائم ایوب 8 درجہ تنزلی کے بعد 55 ویں نمبرپر چلے گئے۔
آئی سی سی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور اوپننگ بیٹر فخر زمان دونوں تین تین درجے بہتری کے بعد بالترتیب 65 اور 66 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے اور افغان آل راؤنڈر راشد خان دوسرے جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں، پاکستان کے صائم ایوب کی پانچویں پوزیشن ہے، محمد نواز ایک درجے ترقی کے بعد 17 ویں نمبر پر آگئے ہیں اور فہیم اشرف 12 درجے ترقی کی بدولت 39 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔