مصباح الحق کا پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کو خراج تحسین پیش

Published On 14 November,2025 06:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان جاری رکھتے ہوئے اپنے بلند حوصلے اور اعلیٰ عزائم کی بدولت دہشت گردی کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آنے کے بعد خوف کا شکار بیشتر مہمان کھلاڑیوں نے واپس وطن جانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کی جانب سے سری لنکا کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطوں اور مہمان کھلاڑیوں کو بھرپور تحفظ کی یقین دہانی کی بدولت دورہ پاکستان جاری رہنا ممکن ہوا،محسن نقوی نے بھرپور کاوشیں کی اور مہمان اسکواڈ کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ضمانت دے کر دورہ جاری رکھنے پر راضی کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کردار بھی قابل تعریف ہے، اگر سری لنکا کرکٹ ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر پاکستان سے چلی جاتی تو ملک میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ تعطل کا شکار ہو جاتی،طویل جدوجہد کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پوری قوم سری لنکا کی شکر گزار ہے کہ اس نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو روکنے کی سازش کو ناکام بنا دیا، سری لنکا کے دورہ کے بعد پاکستان میں سہ قومی کرکٹ سیریز کا انعقاد قابل تحسین اور خوش آئند ہے۔