گوہاٹی: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی کھلاڑی ایڈن مارکرم نے ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ کیچز کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
جنوبی افریقا نے گوہاٹی ٹیسٹ میں بھارت کو 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
بھارت کو دوسری اننگز میں 549 رنز کا ہدف ملا، لیکن پوری بھارتی ٹیم صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقا کی جیت میں اس کے فیلڈرز نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، جن میں ایڈن مارکرم نمایاں رہے۔
ایڈن مارکرم نے بھارت کے خلاف گوہاٹی ٹیسٹ میں وکٹ کیپر کے علاوہ کسی بھی فیلڈر کی جانب سے ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ کیچ لینے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
میچ کے پانچویں دن مارکرم نے سائمن ہارمر کی گیند پر بھارتی بیٹر واشنگٹن سندر کا کیچ لے کر میچ میں اپنا 9 واں کیچ مکمل کیا، اس کے ساتھ ہی مارکرم ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے فیلڈر بن گئے۔
اس سے قبل ٹیسٹ میں سب سے زیادہ کیچز ( وکٹ کیپر کے بغیر) کا ورلڈ ریکارڈ بھارت کے اجنکیا رہانے کے پاس تھا جنہوں نے 2017 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں 8 کیچز لیے۔



