2 روز میں ختم ہونیوالے پرتھ ٹیسٹ کی پچ کو کلین چٹ مل گئی

Published On 27 November,2025 12:50 pm

پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایشیز سیریز کے دو روز میں ختم ہونے والے پرتھ ٹیسٹ میچ کی پچ کو کلین چٹ مل گئی۔

ایشیز سیریز کی تاریخ میں پرتھ ٹیسٹ سب سے جلد ختم ہونے والا ٹیسٹ تھا جس میں میچ کے پہلے روز 19 وکٹیں گری تھیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پرتھ سٹیڈیم کی پچ کو باضابطہ طور پر آئی سی سی نے ’ویری گڈ‘ قرار دیا ہے، آئی سی سی کی 4 درجے کی پچ ریٹنگ میں ویری گڈ ہائی رینکنگ ہے۔

پرتھ ٹیسٹ میں مچل سٹارک نے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، انگلینڈ کی ٹیم پہلے روز 172 رنز پر آؤٹ ہوئی تو کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کے بھی 9 وکٹوں پر 121 رنز تھے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 13 وکٹیں گریں، انگلینڈ کی ٹیم 164 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کے جارحانہ 123 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے 8 وکٹوں سے ٹیسٹ جیت لیا تھا، پرتھ ٹیسٹ میچ میں صرف 847 گیندیں ہی پھینکی گئی تھیں۔