ٹرائی نیشن سیریز: سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 27 November,2025 10:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ٹرائی نیشن سیزیز کے آخری گروپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کی جانب سے جانب سے ملنے والے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کی نقصان پر 178 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا کے 44 گیندوں پر 63 رنز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے، پاکستانی بیٹر عثمان خان نے 33، صائم ایوب اور محمد نواز نے 27،27 رنز سکور کیے۔

میزبان پاکستان کے اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان 9، فہیم اشرف 7 اور فخر زمان ایک رن ہی بنا سکے جبکہ بابراعظم بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشان ملنگا نے 2 اور وانندو ہاسارنگا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کامل مشارا نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، کوشال مینڈس نے 23 گیندوں پر 40 جبکہ پاتھم نسانکا نے 8 اور کوشال پریرا نے 6 رنز سکور کیے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے جینیتھ لیانیج 24 رنز بنائے جبکہ کپتان داشن شناکا نے 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سیریز کے فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر زمبابوے کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا، سیریز کے فائنل ٹاکرے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔

ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل میچ 29 نومبر بروز ہفتہ شام چھ بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔