قائداعظم ٹرافی: موسیٰ نے ڈبل ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کردی

Published On 27 November,2025 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائداعظم ٹرافی میں قومی فاسٹ بولر محمد موسیٰ نے شاندار ڈبل ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کر دی۔

اسلام آباد ریجن کے 25 سالہ فاسٹ بولر محمد موسیٰ نے قائداعظم ٹرافی 2025 میں ڈبل ہیٹ ٹرک کر کے تاریخی کارنامہ اپنے نام کیا، پی سی بی نے اس سے متعلقہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی ہے۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ٹرافی کے آخری راؤنڈ میچ میں محمد موسیٰ نے پشاور کی ٹیم کیخلاف لگا تار 4 گیندوں پر 4 وکٹ حاصل کر کے ڈبل ہیٹ ٹرک کی۔

فاسٹ بولر نے دوسری اننگز میں پشاور کے خلاف ڈبل ہیٹ ٹرک کی، قائداعظم ٹرافی میں گزشتہ 10 سال میں یہ پہلی ڈبل ہیٹ ٹرک ہے۔

محمد موسیٰ نے میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹ لی تھیں جبکہ دوسری اننگز میں تاریخی کارنامہ انجام دیا یوں میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

فاسٹ بولر کی شاندار گیند بازی کی بدولت اسلام آباد نے پشاور کے خلاف اننگز اور 77 رنز سے فتح اپنے نام کی اور ٹرافی میں اپنے سفر کا اختتام بہتر کارکردگی سے کیا۔

قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے لیے سیالکوٹ اور کراچی بلو کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہیں جن کے درمیان میچ یکم دسمبر سے شروع ہو گا۔