کراچی :تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے نوجواں جاں بحق

Last Updated On 21 June,2018 07:24 pm

کراچی (دنیا نیوز ) کراچی کے علاقے لانڈھی میں تیز رفتار ٹرالر راہگیروں پر چڑھ دوڑا، حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا، علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔

لانڈھی نمبر 2 میں تیز رفتار ٹرالر 2 راہگیروں پر چڑھ دوڑا، حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان ٹرالر کے نیچے پھنس گیا جس کی لاش دو گھنٹے بعد کرین کی مدد سے نکالی گئی جبکہ دوسرے زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور اور کلینر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت یاسین عالم کے نام سے کرلی گئی ہے۔ واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا. مظاہرین نے سڑک بلاک کرکے ٹریفک بند کر دی، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹرالر ڈرائیور اور مالک کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہیگا۔ جاں بحق نوجوان یاسین عالم چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا جبکہ ڈیڑھ سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی۔