انسانیت کی خدمت جان لے گئی، ڈی جی خان میں سماجی کارکن آسیہ اکبر قتل

Last Updated On 19 June,2018 11:56 am

ڈی جی خان: (دنیا نیوز) ڈی جی خان میں سماجی کارکن اور متحدہ بلوچ موومنٹ خواتین ونگ کی سابق صدر آسیہ علی خان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، ملزم فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

خواتین کے حقو ق کے لئے آواز اٹھانے والی ایک اور آواز کو خاموش کر دیا گیا۔ مقتولہ کے رشتہ داروں نے بہانہ بنا کر سماجی کارکن اور متحدہ بلوچ موومنٹ خواتین ونگ کی سابق صدر آسیہ علی خان کو قتل کر دیا۔ وقعہ کوٹ چھٹہ کے نواحی علاقے بستی فوجہ کے قریب پیش آیا۔ مقتولہ اپنے رشتہ داروں کو عید ملنے جا رہی تھی کہ ملزمان صابر اور آصف نے اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئے۔

مقتولہ کی چھوٹی بہن اقصی ملزم صابر کی بہو ہے جو گھریلو تنازعہ کے سبب اپنے رشتہ داروں کے ہاں رہائش پذیر ہے۔ ملزمان اس ناراضی کا سبب مقتولہ آسیہ کو ٹھہراتے ہیں، ملزمان کو مقتولہ کی سماجی سرگرمیوں پر بھی اعتراض تھا۔ کوٹ چھٹہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔