کراچی: (روزنامہ دنیا) کراچی کا ایک پورا خاندان چور نکلا، خاندان کے 25 افراد موٹر سائیکل چوریاں کرتے تھے، 2 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر کے فروخت کرچکے ہیں۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) نے کارروائی کر کے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم 10 سال کے عرصے میں 2 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر چکے ہیں۔ ملزموں کی شناخت صابر کھوکھر عرف کالا اور اشرف کھوکر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزموں کے خاندانی گروہ میں 25 سے 30 افراد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں نے 10 سال کے عرصے میں 2 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر کے خضدار میں ظفر بروہی اور عطا بروہی کو پہنچائیں۔ گرفتار ملزم خضدار گروہ کی موٹر سائیکلیں رکھنے کے 5 ہزار فی موٹر سائیکل وصول کرتے تھے جبکہ ملزم کراچی سے چوری کی گئی موٹر سائیکلیں نمبر پلیٹ تبدیل کر کے خواتین کے ہمراہ بلوچستان منتقل کرتے تھے۔