لاہور (دنیا نیوز ) ساتھ جانے سے کیوں انکار کیا، شوہر نے احاطہ عدالت میں سچا پیار ثابت کرنے کے لیے زہریلی گولیاں نگل لیں، حالت غیر ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے رہائشی احتشام نے کچھ عرصہ قبل ثوبیہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے والدین نے لڑکی کو اپنے ہی گھر میں محبوس کر رکھا تھا۔ احتشام نے اپنی بیوی ثوبیہ کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ اس کی بیوی کو سسرال والوں نے زبردستی اپنی قید میں رکھا ہوا ہے اس لیے اسے بازیاب کروا کر اس کے ساتھ بھیجا جائے۔
آج کمرہ عدالت میں ثوبیہ نے احتشام کی زندگی کی کایا پلٹ دی اور اس کے ساتھ جانے کی بجائے اپنے والدین کے ساتھ جانے کا بیان دے دیا۔ درخواست مسترد ہوتے ہی احتشام دلبرداشتہ ہوگیا اور زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت غیر ہونے پر لواحقین فوراً اسے ہسپتال لیکر چلے گئے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔