تلہ گنگ: (دنیا نیوز) تھانہ ٹمن کے علاقہ دروٹ میں نیم پاگل شخص نے کلاشنکوف سے اڈہ پر موجود چھ افراد کو قتل اور چھ کو شدید زخمی کرنے کے بعد خود پر فائرنگ کر کے خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ملزم محمد سعید جس ذہنی توازن خراب بتایا جا رہا ہے نے سوموار کی شام چھ بجے کے قریب دروٹ اڈہ پر ساتھ لائی کلاشنکوف سے اچانک فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر چھ افراد محمد حسن، حسن عثمانی، محمد اقبال، محمد صدیق، اظہراور نذیر احمد ہلاک ہو گئے جبکہ چھ افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔
فائرنگ سے اڈہ پر بھگڈر مچ گئی اور لوگ جانیں بچانے کیلئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ واقعہ کے فوراً بعد ملزم محمد سعید نے خود پر بھی فائر کر دیا جس کے باعث وہ بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
اس اندوہناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کو سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کیا جہاں دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔
تحقیقاتی ٹیم نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور ضروری شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ ملزم نے قتل کیوں کئے؟ اس کے پاس کلاشنکوف کہاں سے آئی؟ سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہے۔