کراچی میں اسٹریٹ کرائم کوقابو کرنے کیلئے پولیس متحرک

Last Updated On 30 July,2018 08:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں روزانہ 50 سے 60 افراد نقدی اور موٹر سائیکل سے محروم کر دیے جاتے ہیں، آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کے لیے متحرک ہیں۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تاجر و صنعتکاروں سے ملاقات میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا تھا کہ پولیس کی کاوشوں سے شہر میں امن و امان کی فضا قائم ہوئی، اسٹریٹ کرائم کو قابو کرنے کے لیے شہر بھر میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ روز قبل ایک ہی خاندان کے 50 افراد کو حراست میں لیا گیا، جو شہر میں 2 ہزار موٹرسائیکلز چوری کرنے میں ملوث ہیں۔

الیکشن سے متعلق آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں پرامن انتخابی مہم جاری ہے۔ الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل کرانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس موقع پر تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کی وجہ سے غیر ملکی شہری کراچی آنے سے کتراتے ہیں۔ آئی جی سندھ شہر میں پولیس کی نفری میں اضافہ کریں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جاسکے۔