فیروزوالہ میں مردہ جانوروں کی چربی سے گھی بنانے کا انکشاف

Last Updated On 11 September,2018 09:12 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) فیروزوالہ میں بااثر افراد نے دفعہ 144 کی دھجیاں بکھیر دیں، مردہ جانوروں کی چربی اور ہڈیوں سے بناسپتی گھی تیار کرنے لگے، تعفن پھیلنے سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔

کوٹ عبدالمالک تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے میں بااثر افراد نے دفعہ 144 کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے مردہ جانوروں کی چربی اور ہڈیوں سے بناسپتی گھی تیار کرنے کا مکروہ دھندہ شروع کر رکھا ہے۔ شہباز نامی شخص مردہ جانوروں کو خرید کر یہاں لاتا ہے اور پھر ان سے گھی تیار کرکے شیخوپورہ، لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے اضلاع کے ہوٹلوں میں فروخت کرتا ہے۔ علاقے میں تعفن پھیلنے سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ لوگوں میں ذہنی امراض کے ساتھ ساتھ سانس لینا بھی دشوار ہوچکا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد دفعہ ڈی سی شیخوپورہ اور اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالہ کو اس بارے آگاہ کیا مگر انتظامیہ بااثر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔