شیخوپورہ: فاروق آباد پیٹرولنگ تھانہ منشیات فروشی کا اڈہ بن گیا

Last Updated On 11 September,2018 11:29 am

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ میں پولیس خود منشیات بیچنے لگی، سب انسپکٹر نے تھانے کو منشیات فروشی کا اڈا بنا لیا، فاروق آباد پیٹرولنگ تھانے میں دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔

شیخوپورہ میں پیٹرولنگ پولیس جو پہلے ہی اپنی نااہلی اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے ختم ہونے کے قریب ہے اب اسی پولیس کے اہلکاروں اور افسران نے مال پانی بنانے کے لئے تھانوں میں کئی غیر قانونی دھندے شروع کر دئیے ہیں۔ پیٹرولنگ پولیس تھانہ فاروق آباد کا انچارج سب انسپکٹر ملک سخاوت سرعام منشیات فروخت کر رہا ہے، اردگرد کے نشئی افراد اب عام منشیات فروشوں کے بجائے چرس گردا لینے تھانہ فاروق آباد جاتے ہیں جہاں تھانیدار خود اپنے دفتر میں چرس بیچ رہا ہے۔

تھانہ انچارج پہلے منشیات فروشوں سے نشہ آور اشیا پکڑتا ہے جسے مال خانے میں جمع کروانے کی بجائے تھانے میں ہی گاہکوں کو فروخت کر دیتا ہے۔ دنیا نیوز نے پیٹرولنگ تھانہ فاروق آباد میں منشیات فروشی کی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں ایک شخص تھانے کے انچارج ملک سخاوت سے پیسے دیکر چرس لیتا ہے اس فوٹیج میں سب انسپکٹر کو چرس بیچتے ہوئے صاف دیکھا جاسکتا ہے۔ زرائع کے مطابق سب انسپکٹر کی جانب سے منشیات فروشوں کو بھاری رشوت کے عوض رہا کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سخاوت کا تبادلہ بھی کیا گیا مگر چند روز بعد دوبارہ تھانے کا انچارج بن کر واپس آگیا ہے۔