گوجر خان (دنیا نیوز ) راولپنڈی کے نواحی علاقے گوجر خان بوچیال میں رکشے کو راستہ نہ دینے پر تین افراد کو قتل کر دیا گیا، فائرنگ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
گوجر خان کے نواحی گاؤں بوچیال میں ٹریکٹر اور رکشہ میں سوار افراد کے درمیان راستہ نہ دینے پر تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا جس کے بعد رکشہ میں سوار تین افراد اسلحہ سمیت واپس آئے اور کھیتوں میں کام کرنے والے پانچوں افراد پر فائرنگ کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے پانچوں افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 50 سالہ فضل کریم ، 28 سالہ جمیل اور 34 سالہ نوید شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل ہونے والا ایک نوجوان فورسز کا ملازم تھا جبکہ زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جن میں سے ایک زخمی راولپنڈی پولیس کا ملازم ہے۔