ہارون آباد: (دنیا نیوز) ہارون آباد میں آٹھ سالہ بچے کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا،باپ ہی بچے کا قتل نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ہارون آباد کے علاقہ الہاشم کالونی مرزا ٹائون کے رہاشی رانا عابد زرگر کے آٹھ سالہ بچے احمد حسین کو چند روز پہلے قتل کر دیا گیا اور اس کی نعش شہر کے قریبی کھیتوں میں پانی والے کھال سے ملی تھی۔وقوعہ کی مقدمہ مقتول بچے کی والد کی مدعیت میں درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی اور اس سلسلہ میں کئی لوگوں کو شامل تفتیش کیا اور بالآخر معصوم بچے کا قاتل اس کا اپنا باپ ہی نکلا اور پولیس کے سامنے اس کے اقبالی بیان کی ویڈیو لیک ہو کر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔
ذرائع کے مطابق قاتل باپ نے اپنے اقبالی بیان میں بتایا کہ اس نے لوگوں کے پیسے دینے ہیں جو میں ادا نہیں کر سکتا تھا تو پلان بنا کر اپنے بچے کو منہ پر کپڑا رکھ کر جان سے مار کر نعش کھیتوں میں پھینک آیا اور سوچا جس جس کے پیسے دینے ہیں ان کو مقدمہ میں الجھا کر پیسے معاف کرا کر ان کے حق میں بیان دے دونگا۔ قاتل باپ کی حقیقت سامنے آنے پر بچے کی والدہ اور دادی نے کہا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ اس کا باپ ہی اپنی اولاد پر اتنا ظلم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی اس کو معاف نہیں کریں گے اور ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر اعلی حکام سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد قانون کے مطابق اس کو سزا دیں۔
یاد رہے مقتول تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ قاتل کے اقبالی بیان کے بعد مقدمہ میں بچے کی والدہ کو مدعی بنائے جانے کا امکان ہے۔