فیصل آباد: پولیس کی حراست میں ملزم جاں بحق، لواحقین سراپا احتجاج

Last Updated On 27 September,2018 06:27 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں چوکی برنالہ پولیس کی حراست میں نوجوان ہلاک ہوگیا، جس پر ورثاء نے مین جھمرہ روڈ پر لاش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق، تھانہ جھمرہ کی چوکی برنالہ پولیس کی جانب سے چک نمبر 108 رب کے رہائشی 17 سالہ شہروز کو کمسن بچے سے مبینہ زیادتی کے الزام میں تین روز قبل حراست میں لیا گیا تھا، جو گزشتہ رات چوکی برنالہ کی حوالات میں مبینہ پولیس تشدد سے ہلاک ہوگیا۔ جس پر مقتول کے ورثاء نے مین جھمرہ روڈ پر لاش رکھ کر اور ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔

مظاہرین کی جانب سے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے بے بنیاد الزام لگا کر 17 سالہ شہروز کو حراست میں لیا گیا تھا اور بعد ازاں مقدمہ کے اخراج اور صلح کیلئے پولیس نے 1 لاکھ 30 ہزار روپے کی بھاری رقم بھی وصول کرلی تھی۔ رقم وصول کرنے کے باوجود پولیس نے شہروز کو رہا کرنے کی بجائے مبینہ طور پر قتل کردیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ چوکی برنالہ کی حوالات میں گزشتہ رات سانپ کے ڈسنے سے شہروز کی ہلاکت ہوئی، شہروز کی پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔